حج کے نام پر فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں، وزارتِ مذہبی امور کا انتباہ

وزارتِ مذہبی امور نے عوام کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ حج کے نام پر فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں رواں برس حج کے خواہش مندوں سے پیشگی بکنگ کے نام پر رقوم کی وصولی کی اطلاع پر وزارتِ مذہبی امور نے تنبیہی بیان جاری کردیا ہے۔ اپنے بیان میں وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ ابھی تک حج پالیسی 2022 کا اعلان نہیں ہوا، نہ ہی کسی کو حج بکنگ کی اجازت ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حج کے خواہش مند افراد وزارت کی جانب سے باقاعدہ اعلان کا انتظار کریں، عازمینِ حج کسی بھی فرد یا ادارے کو پیسے اور پاسپورٹ جمع مت کروائیں۔ وزارتِ مذہبی امور نے مزید کہا ہے کہ عوام الناس حج کے نام پر فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں، جعلی حج بکنگ کرنے والے افراد یا کمپنی کی شکایات کیلئے حج ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث گزشتہ 2 برسوں کے دوران انتہائی محدود پیمانے پر فرزندان توحید حج کی سعادت حاصل کرپائے ہیں۔ آخری مرتبہ 2019 میں لاکھوں افراد نے روایتی طریقے سے حج کا فریضہ ادا کیا تھا۔