حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے ، آزادی اظہار رائے کے ساتھ ساتھ ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے ، پاکستان تحریک انصاف صحافیوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ، صحافی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحافیوں کے اجتماعی اور انفرادی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے ، میڈیا صنعت کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے شفاف اور پائیدار پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں، میڈیا کی نشاندہی پر ہی حکومت مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتی ہے ، امید ہے صحافیوں کی نومنتخب قیادت اپنے پیشے اور ساتھی صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرے گی۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے اعظم چوہدری کو صدر، سلیمان قریشی اور ناصرہ عتیق کو نائب صدو، عبدالمجید ساجد کو سیکریٹری، سالک نواز کو جوائنٹ سیکریٹری، شیراز حسنات کو فنانس سیکریٹری اور نومنتخب گورننگ باڈی کے اراکین کو مبارکباد دی۔