پاکستان اور قطر کے درمیان ایل این جی ٹرمینل کا معاہدہ طے

پاکستان اور قطر کے درمیان ایل این جی ٹرمینل کا معاہدہ طے ہوا ہے، قطری وزیر الکعبی اس معاہدے پر دستخط دورہ پاکستان پرکریں گے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی و سی ای او قطر انرجی سعد شیریدہ الکعبی نے ویڈیو لنک کے زریعے کانفرنس کی۔ ویڈیو کانفرنس میں قطری وزیر  نے پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کیا، قطر انرجی پورٹ قاسم پر قائم کیے جانے والے نجی شعبے کے ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر ہوگی۔ پورٹ قاسم میں ایل این جی ٹرمینل بنانے کے لئے جنوری کے آخر میں حتمی معاہدہ ہوگا، ایل این جی سیکٹر میں قطر نے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ ویڈیو کانفرنس میں وفاقی سیکریٹری بحری امور، سیکریٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور دیگر نے بھی شرکت کی ہے۔