پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق 4 ارب سے زائد میں نیلام

لاہور: پی سی بی سرکاری اور نجی اسپورٹس چینل کے کنسوریشم سے پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق کے لیے تاریخی معاہدہ کرلیا ہے۔ پاکستان میں بسنے والے کرکٹ شائقین پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کا ایڈیشن  سرکاری اسپورٹس چینل (پی ٹی وی اسپورٹس) اور نجی اسپورٹس چینل (اے اسپورٹس) پر براہ راست ملاحظہ فرمائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے سرکاری ٹی وی چینل اور نجی چینل کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا ہے جبکہ دونوں فریقین نے لاہور میں واقع پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کیے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اس کنسورشیم نےٹی وی براڈکاسٹ رائٹس کے لیے سب سے زیادہ 4 ارب 35 کروڑ روپے  سے زائد کی بولی لگا کر نشریاتی حقوق حاصل کیے ہیں جو گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد کی بولی ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ وہ اس تاریخی معاہدے پر سرکاری ٹی وی سمیت نجی ٹی وی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری قومی شناخت بن چکی ہے جو شائقین کرکٹ کو تیزی سے اپنی طرف راغب کررہی ہے۔ شائقین کرکٹ بھی لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرکے پی ایس ایل کے برانڈ کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کے شائقین میں بلکہ غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہے، جہاں تمام  شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شائقین ِکرکٹ اس لیگ سے محظوظ ہوتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ مثالی ہے کیونکہ یہاں ہم نے ٹی وی رائٹس کے فروخت کے لیے بے مثال قیمت حاصل کی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ایس ایل کتنا بڑا برانڈ بن چکا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا اور ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کے تمام میچز کراچی اور لاہور میں ہی منعقد کیے جائیں گے۔