بھارتی 30سالہ ’کویڈ کپور‘ کی کورونا نے زندگی مشکل بنادی

عالمی وبا کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے وہیں بھارتی ’کوویڈ کپور‘ نامی شخص سب سے زیادہ متاثر نظر آ رہا ہے۔ بھارتی شخص نے اپنے نام اور 2019ء کےاواخر میں چین سے پھوٹنے والے  وائرس ’کوویڈ 19‘ سے ملتے جلتے ’کوویڈ کپور‘ نام ہونے پر پیش آنے والی مشکلات کا اظہار کیا ہے۔

کوویڈ کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹو ئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ کورونا وائرس نے اُن کی زندگی کافی مشکل بنا دی ہے، اُن کا نام بھی کوویڈ ہے جسے وہ ’ K ‘ سے لکھتے ہیں جبکہ کورونا آنے کے بعد اُن کا نام وائرس کے سائنسی نام کوویڈ 19 کی طرح ’ C ‘ سے لکھا جا رہا ہے ۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ کافی عرصے کے لاک ڈاؤن کے بعد گھر سے باہر نکلے ہیں اور ہر کوئی اُن کا نام سُن کر حیران نظر آ رہا ہے۔ کوویڈ کپور کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو اُس وقت صحیح مزہ آئے گا جب وہ بین الاقوامی سفر پر جائیں گے۔

30 سالہ کوویڈ کپور کی جانب سے اپنے ٹوئٹ میں اپنے کیک کی ایک تصویربھی شیئر کی گئی ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ دوست نے اُن کی 30 ویں سالگرہ کا کیک منگوایا تھا جس پر اُن کا نام ’C‘ سے  Covid لکھا گیا ہے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والا یہ شخص اس وقت بھارتی ٹوئٹر پر ٹرینڈ بھی کر رہا ہے اور اپنے اوپر بننے والی میمز بھی شیئر کر کے سب کو ہنسنے کا موقع دے رہا ہے ۔