پاکستان میں نئی غیرملکی ایئرلائن کا فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں ایک اور نئی غیرملکی ایئرلائن نے فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شام ونگز ایئرلانن 15 دسمبر سے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرے گی۔ ذرائع کے مطابق “شام ونگز” ایئرلائن کی پہلی ابتدائی پرواز دمشق سے کراچی ایئرپورٹ لینڈ کرے گی، یہ ایئرلائن کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد کے لیے بھی فضائی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ شام ونگز ایئرلائن شام (سیریا) سے تعلق رکھنے والی نجی شعبے کی ایئرلائن ہے، اس نئی ایئرلائن کی پاکستان آنے سے ایوی ایشن صنعت میں نئی ملازمتیں پیدا ہونگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شام ونگز ایئرلائن نے گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس کے لیے ’’شاہین ایرپورٹ سروسز‘‘ کی خدمات حاصل کرے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شام ونگز نے پاکستان میں جنرل سیلز کا معاہدہ ’’کے این ایوی ایشن‘‘ سے کیا ہے، یہ ایئرلائن ابتدائی طور ہفتہ وار ایک پرواز کراچی اور دمشق کے درمیان چلائے گی اور ہر بدھ کے روز دمشق سے کراچی اور کراچی سے دمشق کے درمیان چلائی جائے گی۔ واضح رہے کہ شام ونگز ائیرلائن پسنجرز کے ساتھ کارگو بزنس بھی چلائے گی۔