پہاڑوں پر برف، پاکستان میں ونٹر ٹورازم سیزن 2021-22 کا آغاز ہو گیا

سیاحتی مقامات پر برف پوش پہاڑ ہمیشہ سے سیاحت کے دلدادہ افراد کے لیے کشش رکھتے ہیں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، سوات،چترال، ناران کاغان کے پہاڑوں کو نئے موسم سرما نے سجا دیا ہے جس کے ساتھ ہی ان علاقوں میں سال دو ہزار اکیس بائیس کے ونٹر سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔،

اکتوبر کے آخری عشرے میں برف باری کے سلسلے سے ان علاقوں میں سردی کی لہر امڈ آئی تھی۔ نومبر کے پہلے ہفتے میں قابل ذکر برف باری کا ایک اور سلسلہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہے۔ خاص کر سوات، کالام اور ناران کاغان کے علاقے سیاحوں کے لیے آسان رسائی کی وجہ سے زیادہ پرکشش ہو گئے ہیں۔ بابو سر ٹاپ کی سحر انگیزی بھی ایڈونچر پسند سیاحوں کو ونٹر سیزن میں اپنی جانب متوجہ کیئے رکھتی ہے۔ گلگت بلتستان کے لیے فضائی سفر کی سہولت بڑھانے کے حکومتی فیصلے کی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ پنجاب، سنندھ سمیت دنیا بھر کے سیاح اس سال بہت بڑی تعداد میں گلگت، اسکردو، خنجراب، غذر، پھنڈرکی عالمی شہرت یافتہ خوبصورتی سے لطف اندوز پہنچیں گے۔