نئے IG پنجاب سردار علی خان نے چارج سنبھال لیا

نئے آئی جی پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، اس موقع پر پولیس کے دستے نے آئی جی پنجاب کو سلامی دی۔ پنجاب کے نئے آئی جی پولیس کے عہدے پر فائز ہونے والے راؤ سردار علی خان 21 فروری 65ء کو لودھراں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے ایم بی بی ایس کیا اور 25 برس کی عمر میں مقابلے کا امتحان پاس کر کے پولیس سروس میں آ گئے۔ وہ سرگودھا اور بہاولپور میں آر پی او رہنے کے علاوہ بطور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سردار علی خان سی پی او فیصل آباد، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس بیورو میں بطور جوائنٹ ڈی جی بھی رہے ہیں۔ سردار علی خان کی بطور ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹیز خدمات بھی قابلِ ستائش ہیں۔

جھوٹا مقدمہ کروانے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی: IG پنجاب راؤ سردار

نئے آئی جی پنجاب پولیس کا عہدہ سنبھالنے والے راؤ سردار علی خان نے وارننگ دی ہے کہ جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔آئی جی پنجاب کا منصب سنھبالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے ساتھ تعلق رکھنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے واقعات کے خلاف قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا، بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا مزید کہنا ہے کہ پولیس اور عوام کے درمیان حائل خلیج کو کم سے کم کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ محکمے میں کسی قسم کی گروپ بندی کی اجازت نہیں، کانسٹیبل سے لے کر آئی جی تک سب کی ڈیوٹی متعین ہے۔