ویکسی نیشن نہ کرانیوالے شمالی علاقوں کا رخ نہ کریں: اسد عمر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد سے شمالی علاقہ جات کی طرف جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران اسد عمر نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں احتیاط کی بے تحاشا ضرورت ہے، ایسا نہ ہو کہ آپ کی تفریح خدانخواستہ کسی کی موت کا سامان بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کے بعد کورونا کا خطرہ کم ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں لہٰذا جن لوگوں نے ویکسی نیشن نہیں کرائی تو عید کی چھٹیوں میں شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کو دونوں خوراک لگوانے والوں کی بہ نسبت کورونا کا 7 گنا زیادہ خطرہ ہے، ویکسی نیشن کے بعد کورونا ہوبھی جائے تو انفیکشن شدید نہیں ہوتا۔ این سی او سی کے سربراہ نے بتایا کہ اب تک 2 کروڑ 21 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔