اداکارہ جیا علی نے شادی کرلی

اداکارہ جیا علی بزنس مین عمران ادریس کے ہمراہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ جیا علی اور ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی بزنس مین عمران ادریس کی نکاح کی تصاویر گردش کرتی رہیں۔ وائرل تصاویر میں اداکارہ کو نکاح نامے پر دستخط کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دیگر تصاویر میں جیا علی کو عمران ادریس کے ہمراہ عروسی لباس میں مسجد کے باہر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ اداکارہ نے اپنے نکاح کے روز وائٹ اور گولڈن رنگ سے مزین خوبصورت غرارہ زیب تن کیا جب کہ ان کے شوہر کو گولڈن شیروانی پہنے دیکھا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں اداکارہ کی عمر سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ انہوں نے 48برس کی عمر میں شادی کی۔ خیال رہے کہ اداکارہ جیا علی پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں انہوں نے فلم کیرئیر کا آغاز معمر رانا کے ہمراہ ’دیوانے تیرے پیار کے‘ سے کیا تھا۔