متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز ابو ظہبی میں کرانےکی باقاعدہ اجازت دے دی

متحدہ عرب امارات  کی حکومت نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل )کےبقیہ میچز کی  باقاعدہ اجازت دے دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے  جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہےپی ایس ایل کے چھٹے سیزن کےبقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کروانے کے لیے یو اے ای کی حکومت کی طرف سے تمام معاملات پر مکمل منظوری مل گئی  ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بقیہ میچز کے  شیڈول کو آج حتمی شکل دی جائے گی۔

BIG NEWS FOR FANS: PCB has secured all pending approvals from the UAE government, the remaining #HBLPSL6 matches are now good to go in Abu Dhabi! pic.twitter.com/ErPOkYrmKB

— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 20, 2021

ترجمان  پی سی بی کا کہنا ہے کہ آج دوپہر میں چھ فرنچائز مالکان کے ساتھ مل کر ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی، جس کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان  کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل  تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں، جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں، جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائےگی، جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔ وسیم خان نے کہا کہ وہ اس موقع پرپی سی بی اسٹاف کے مشکور ہیں جنہوں نے جون میں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کے باوجود سخت محنت جاری رکھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان سپر لیگ کا شمار دنیا کی چند بہترین کرکٹ لیگز میں ہوتا ہے، جو اعلیٰ معیار کی نشریاتی کوریج کے ذریعے شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی حمایت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔