پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، جمعرات 13 مئی کوعیدالفطر منائی جائے گی

اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے ملک میں شوال کا چاند نظر آنے اور ملک بھر میں 13 مئی بروز جمعرات عیدالفطر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے اور ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔  غروب آفتاب کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی فرداً فرداً پڑتال اور تصدیق کی گئی اور انہیں درست قرار دینے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی شرعی طور پر اس فیصلے پر پہنچی کہ رمضان المبارک کا اختتام ہو گیا ہے اور کل عیدالفطر منائی جائے گی۔ نجی خبر رساں ادارے کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ایک درجن سے زائد موصول ہونے والی شہادتوں کو جانچ پڑتال کے بعد درست تسلیم کیا۔  چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ماہ شوال المکرم 1442ہجری کی چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں منعقد ہوا اور اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ جن علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں ان میں چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور، سندھ کے میرپور سمیت بہت سے مقامات شامل ہیں، لہٰذا اتفاق رائے سے یہ طے پایا ہے کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021ءبروز جمعرات ہو گی اور کل انشاءاللہ ملک بھر میں عیدالفطر کا کا پہلا دن ہو گا۔