پنجاب میں شدید بارشوں کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

آج سے اتوار کے روز تک پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ پنجاب ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اٹک، راولپنڈی اور چکوال میں شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی ژالہ باری اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔ آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہا لیکن رات کے اوقات میں شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ جمعرات کے روز بلو چستان، پنجاب، بالائی سندھ، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔