پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر ترقیاں، تقرریاں و تبادلے، چھ میجر جنرلز کی ترقی، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان اور بہاولپور کے نئے کور کمانڈرز تعینات

پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر ترقیاں، پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی، سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور شامل ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر ترقیاں ہوئی ہیں جن کے مطابق 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، ترقی پانے والوں میں سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سمیت میجر جنرل اختر نو ازستی، میجر جنرل سردار حسن اظہرحیات، میجر جنرل سرفراز علی، میجر جنرل محمدعلی، میجر جنرل سلمان فیاض غنی شامل ہیں،  ترقی پانے والے میجر جنرل اختر نواز ستی اس وقت وائس چیف آف جنرل سٹاف، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات انٹر سروسز انٹیلی جینس میں متعین ہیں، میجر جنرل آصف غفور جنرل آفیسر کمانڈنگ اوکاڑہ، میجر جنرل سرفراز علی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان، میجر جنرل محمد علی کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول اور میجر جنرل سلمان فیاض غنی کمانڈنٹ سکول آف انفینٹری کوئٹہ فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پاک فوج میں اعلی سطحی ترقیوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے بھی کیئے گئےہیں جن کے مطابق کراچی، لاہور، ملتان، بہاولپور، کوئٹہ کے کور کمانڈرز سمیت کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورس کمان تبدیل کیئے گئے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو  انسپکٹر جنرل آرمز، لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان کو آئی جی ٹریننگ، لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات ملٹری سیکریٹری، لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی مقرر کردیا گیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم  احمد انجم کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو کمانڈر آرمی سٹریجک فورس کمانڈ  متعین کردیا گیا ہے۔

واضح رہے اگلے کچھ دنوں میں پاک فوج کے چھ تھری اسٹار افسران مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو رہے ہیں، جن میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل   محمد نعیم اشرف، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل قاضی محمد اکرام احمد، چیئرمین پی او ایف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر شامل ہیں۔
اسی تناظر میں ترقی پانے والے چھ افسران کی تھری اسٹار پوزیشنز پر تقرریوں سمیت پاک فوج میں اعلی سطح کی تقرریاں و تبادلے ہوئے ہیں۔ جب کہ کچھ اہم تقرریاں و تبادلے ابھی ہونا باقی ہیں۔