بلتستان ریجن میں بلاول بھٹو کی انتخابی مہم جاری، جی بی کو عمران خان کی تباہی سے بچانا ہے:بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کے عام انتخابات کی انتخابی مہم میں سب سے آگے نظر آ رہے ہیں، بائیس روزہ شیڈول کے پہلے تین دن بلاول بھٹو زرداری نے ضلع گانچھے کے دور دراز علاقوں میں چھ سے زائد عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ خپلو، چھور بٹ، سرحدی علاقے شیوک سیکٹر، بلغار، ڈغونی، کریس سمیت ہر جگہ بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا گیا، گانچھے کے دورے میں محمد جعفر، محمد حسین کلون، ناصر نذیر، یحیی بختیار، کاچو اقبال، محمد ابراہیم، غلام محمد اور دیگر بلاول بھٹو زرداری کے استقبال میں موجود تھے۔

اپنی تقریروں میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا گلگت بلتستان کے عوام اور پیپلز پارٹی کا رشتہ اعتماد اور بھروسے کی بنیاد پر قائم ہے، ہماری جماعت ہمیشہ محروم اور پسماندہ طبقے کی آواز بنی ہے، گلگت بلتستان میں شہید بھٹو اور پیپلز پارٹی کے ادھورے مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں، ہم گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار دیں گے، بہترین طبی اور علمی مراکز قائم کریں گے، ہم نے گلگت بلتستان کو عمران خان کی تباہی ۔سے بچانا ہے، عمران خان اداروں اور صوبوں کو تباہ کر رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ضلع گانچھے میں انتخابی مہم مکمل کر کےاسکردو پہنچے ہیں، ضلع اسکردو میں بلاول بھٹو زرداری کا گول، سرمک، مہدی آباد میں بھی زبردست استقبال کیا گیا ہے۔