گلگت بلتستان الیکشن مہم،بلاول اسکردو پہنچ گئے، شاندار استقبال

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان الیکشن مہم کے پہلے مرحلے میں اسکردو پہنچ گئے ہیں، وہ چودہ دن بلتستان ریجن میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، اسکردو ایئر پورٹ پر بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کیا گیا، قمر زمان کائرہ، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، سید ناصر شاہ بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ہیں, چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے سکردو ایئرپورٹ پر کارکنوں سے مختصر خطاب کیا اور کہا گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور عوامی مفادات کا تحفظ کروں گا، ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کروں گا۔ پیپلز پارٹی روزگار فراہم کرنے والی جماعت ہے۔

اسکردو ایئر پورٹ سے شہر تک جگہ جگہ نوجوان سیاسی قائد کو خوش آمدید کہا گیا،جیالوں نے روایتی رقص کیا، گل پاشی کی، وزیراعظم بلاول کے نعرے لگائے، بعد ازاں بڑی ریلی کے ساتھ بلاول خپلو روانہ ہوئے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا اسکردو پہنچنے پر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی قیادت سید مہدی شاہ، امجد حسین ایڈووکیٹ، عمران ندیم، نیاز علی صیام نے استقبال کیا، وزیر وقار، سید محمد علی شاہ، محمد علی اختر، شہزاد آغا، ذوالفقار علی مراد، ثمرین فاطمہ و دیگر بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے