پاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمان کو بھی کورونا ہو گیا

بولٹن سائوتھ ایسٹ سے رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی کوویڈ۔19ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نمونیہ میں مبتلا ہونے پر ہسپتال میں داخل ہو گئیں۔ لیبر ایم پی نے بتایا کہ ان کی طبیعت تقریباً دو ہفتوں سے ٹھیک نہیں تھی اور انہوں نے فوری طور پر گھر میں سیلف آئسولیشن اختیار کر لی تھی۔ 57 سالہ یاسمین قریشی نے بتایا کہ وہ ہفتہ کے روز طبیعت بہت خراب محسوس ہونے پر رائل بولٹن ہاسپیٹل میں داخل ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری انتہائی اچھی طرح نگہداشت ہو رہی ہے اور حیرت انگیز سٹاف قابل تعریف ہے۔ انہوں نے پورے پراسس کے دوران حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میں یہاں اس مشکل وقت میں کام کرنے والے ہر شخص کی شکر گزار ہوں۔ شیڈو وزیر بین الاقوامی ترقیات محترمہ قریشی گریٹر مانچسٹر کی ان ایم پیز میں سے ایک ہیں جو خطہ میں تین سطحی پابندیوں کے نفاذ کے خلاف دلائل دے رہی ہیں۔ لوکل لیڈرز قوانین کی ٹاپ سطح پر متفق ہونے سے قبل بہتر مالیاتی سپورٹ چاہتے ہیں جس کے نتیجے میں بعض بزنسز کو بند کرنا پڑے گا۔