بلاول نے گلگت بلتستان الیکشن معرکہ سر کرنے کی جارحانہ حکمت عملی بنا لی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے اعلان کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گلگت بلتستان کے انتخابات کی انتخابی مہم کو خود لیڈ کررہے ہیں، وہ پورے بائیس دن گلگت بلتستان کے ایک ایک شہر، دیہات میں جائیں گے اور اپنے امیدواروں کے لیے گلگت بلتستان کےعوام سے خود ووٹ مانگیں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکر نے گلگت بلتستان کے دورے کے شیڈول کی تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق اکیس اکتوبر بروز بدھ سے شروع ہونے والے دورے کے پہلے چودہ دن بلاول بھٹو زرداری بلتستان کے علاقوں میں قیام کریں گے، جس کے بعد گلگت اور اس کے ملحقہ علاقوں میں الیکشن مہم کو بارہ نومبر تک جاری رکھیں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان الیکشن مہم بارہ نومبر کو اختتام پذیر ہو جائے گی، اس دوران بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان میں گانچھے، اسکردو، غذر، استوور، دیامیر، گلگت، ہنزہ نگر کے مختلف علاقوں میں سیاسی اجتماعات، کارنر میٹنگز، پریس کانفرنسز کریں گے، نہ صرف گلگت بلتستان کے انتخابات بلکہ ملک میں جاری اپوزیشن کی سیاسی تحریک کو بھی آگے بڑھائیں گے۔