دیوار کشمیر، نمائش میں کشمیریوں پر روا رکھے گئے مظالم کی حقیقی تصویر کشی

لندن: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کا شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جسے لوگوں کی بڑی تعداد نے دیکھا اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن نے جون کے آخری عشرے میں تین عالمی دنوں کی مناسبت ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا، متنازعہ علاقوں سے جنسی ہراسیگی کے خاتمے کا عالمی دن، بین الاقوامی دن برائے بیوگان اور تشدد کے متاثرین کی معاونت کے عالمی دن کو یکجا کرکے تصاویر کے ذریعے دنیا کو بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری گذشتہ سال اگست سے کرفیو کے ماحول میں ایسے تمام مسائل کا شکار ہورہے ہیں اسلیئے دنیا کو انکی مدد کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔
پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت میں دیوار کشمیر پر لگی یہ نمائش سارا دن لوگوں کی توجہ کا مرکز رہی۔
پاکستان ہائی کمشنر نفیس زکریا نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی ظلم و ستم کا شکار اب نہیں ہوئے بلکہ تہتر سال سے اس گھٹن زدہ ماحول میں جی رہے ہیں جہاں کبھی انکی شہادت کی خبر ملتی ہے تو کہیں کشمیریوں کی گمشدگی خاندان کے دیگر افراد کو جیتے جی مار دیتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اس نمائش میں کشمیریوں پر روا رکھے گئے مظالم کی حقیقی تصویر کشی کی گئی ہے اور سامنے لانے کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کیلئے بھی آواز بلند کریں۔